Header Ads Widget

Responsive Advertisement

Mahmud of Ghazni in urdu

 


محمود غزنوی

محمود غزنوی کا پورا نام  یمین الدولہ ابو القاسم محمود ابن سبکتگین  تھا. انکی پیدائش 2 نومبر 971   اور وفات 30 اپریل 1030  کو ہوئی. محمود غزنوی  سلطنت غزنویہ کا پہلا آزاد حکمران تھا ، جو 976ء سے 1186ء تک قائم ایک حکومت تھی جس کا دار الحکومت افغانستان کا شہر غزنی تھا. وہ پہلا حکمران تھا جس نے سلطان کا لقب اختیار کیا تھا . اس کے والد، سبکتگین، ایک ترک غلام کمانڈر تھے جنہوں نے 977 میں غزنوی سلطنت کی بنیاد رکھی ، جس پر انہوں نے سامانیوں کے ماتحت کی حیثیت سے خراسان اور ماوراء النہر پر حکمرانی کی۔



سبکتگین کا انتقال 997 میں ہوا اور اس کے بعد ان کے بیٹے اسماعیل غزنوی سلطنت غزنویہ کا حکمران بنا۔ سلطان محمود نے پہلے خط کتابت کے ذریعے بھائی اسماعیل سے بات کرنے کی کوشش کی جب کوئی حل نہ نکلا تو 998ء میں غزنی پر حملہ کردیا۔ اسماعیل کی حکومت ختم کرکے خود غزنی کی سلطنت سنبھال لی۔سلطان محمود جن کو اسلامی تاریخ کے چند عظیم جرنیلوں میں شامل کیاجاتا ہے،کی فوج کم و بیش ایک لاکھ تھی اور فوج میں عرب، غوری، سلجوق، افغان، مغل کے علاوہ دس سے پندرہ ہزار ہندو سپاہی بھی شامل تھے۔ ہندوستان سے جتنے بھی فوجی بھرتی کئے جاتے تھے۔ وہ بیشتر ہندو ہوتے تھے۔ ان کا کمانڈر بھی ہندوستانی ہوتا تھا جس کو سپہ سالار ہندوان کہا جاتا تھا ہندو فوجی افسروں میں چند ایک قابل زکر نام بیرپال، چک ناتھ، زناش،بجے راؤ اور سوھنی راؤ شامل تھے۔

سلطان محمود غزنوی نے دوسرا حملہ جو کہ 1004ء کو ہوا۔ بھنڈا یا بھیرہ جو کہ دریائے ستلج کے قریبی علاقوں پر مشتمل ریاست پر کیا جس کا راجہ بجی راؤ تھا۔ تیسرا حملہ ملتان کے حاکم ابوالفتح کے خلاف 1006ء میں کیا لیکن راستے میں ہی دریائے سندھ کے کنارے جے پال کے بیٹے انند پال کے ساتھ مڈبھیڑ ہوگئی ۔سخت جنگ کے بعد انند پال کو شکست ہوئی اور بعض روایات کے مطابق وہ کشمیر پناہ لینے کے لئے بھاگ گیا۔ انند پال کو شکست دینے کے بعد سلطان محمود نے ملتان کا رخ کیا اور ملتان کو فتح کرنے کے بعد کہا جاتا ہے کہ ملتان کا حاکم جے پال کے پوتے سکھ پال کو مقرر کیا جو اسلام قبول کرچکا تھا۔ جلد ہی سلطان محمود کو پھر ملتان جانا پڑا جہاں پر سکھ پال نے بغاوت کردی تھی۔ 1008ء میں سلطان نے سکھ پال کو شکست دے کر معزول کردیا۔ اسی دوران انند پال جو کہ شکست کھا کر کشمیر بھاگ گیا تھا، نے واپس آ کر ایک بار پھر سلطان کے خلاف اعلان جنگ کردیا۔ اس کے ساتھ ہی انند پال نے اردگرد کے راجاؤں سے مدد لے کر ایک بہت بڑا لشکر اکٹھا کردیا۔ 1008ء کے آخری دنوں میں ایک بار پھر دریائے سندھ کے قریب اٹک کے علاقے میں جنگ کا آغاز ہوا۔ خونریز جنگ کے بعد انند پال کو ایک بار پھر شکست ہوئی۔

آنندپالا نے محمود کے خلاف لڑائی کی لیکن وہ سنہ 1008 عیسوی میں پشاور کے قریب ہندو شاہی دارالحکومت واہند کی دوسری جنگ میں بھی شکست کھا گیا۔ اس لڑائی میں ، آنندپالہ کو کنوج اور راجستھان کے حکمرانوں کی مدد حاصل تھی۔ واہند میں اپنی فتح کے نتیجے میں ، محمود نے زیادہ تر پنجاب پر اپنی حکمرانی میں توسیع کردی۔

1009ء کے آخری مہینوں میں ایک بار پھر سلطان محمود نے ہندوستان پر حملہ کرکے پہلے نرائن پور کی ریاست کو فتح کیا اور پھر 1010ء میں ملتان کے گردونواح کے علاقے اپنی سلطنت میں شامل کرلئے۔ 1014ء میں سلطان نے انند پال کے بیٹے لوجن پال کو موجودہ کوہستان کے علاقے میں شکست دی اور مزید لوجن پال کی مدد کے لئے کشمیر سے آئے ہوئے ایک بڑے لشکر کو بھی شکست فاش سے دوچار کیا۔ 1015ء میں سلطان محمود نے کشمیر پر حملہ کیا اور لیکن برف باری کے باعث راستے بند ہونے پر بغیر جنگ کے ہی واپس آنا پڑا۔ 1018ء میں سلطان محمود نے پہلی بار پنجاب کے پار دریائے جمنا کے علاقے میں اپنی فوج کو اُتارا اور ہندوؤں کے مذہبی مقام متھرا کو فتح کرنے کے بعد ایک مشہور ریاست قنوج کا محاصرہ کرلیا۔ قنوج کے راجے نے سلطان سے صلح کا پیغام بھیجا اور سلطان کا باجگزار بننا قبول کرلیا۔ 1019ء میں قنوج کی ملحقہ ریاست کالنجر کے راجہ گنڈا نے قنوج پر حملہ کرکے راجہ کو قتل کردیا اس کی خبر جب سلطان محمود تک پہنچی تو وہ اپنے مطیع راجے کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے نکلا اور کالنجر پر حملہ کرکے اسے شکست فاش سے دوچار کیا۔ راجہ لوجن پال اور راجہ گنڈا جو کہ سلطان محمود سے شکست خوردہ تھے۔ دونوں نے مشترکہ طورپر ایک بڑے حملے کی تیاری کی اور ایک بار پھر 1019ء میں ہی سلطان کو دوبارہ ان دونوں کی سرکوبی کے لئے ہندستان کا سفر کرنا پڑا۔ نتیجتاً دونوں راجاؤں کو شکست ہوئی اور ہندوستان سے ہندو شاہی راجہ کا خاتمہ ہوگیا۔

سلطان محمود غزنوی 1020ء سے 1025ء کے درمیانی عرصے میں سلطنت کے شمالی مغربی حصے اور دریائے فرات کی وادیوں میں فتوحات میں مشغول رہا۔ اسی عرصہ میں سلطان محمود کو اپنے مخبروں سے یہ اطلاعات متواتر مل رہی تھیں کہ شمالی اور وسطی ہندوستان کی تمام ریاستیں سلطان سے شکست کھانے کے بعد بدلہ لینے کے لئے ہاتھ پیر مار رہی ہیں اور اب کے بار ایک مشترکہ حملہ کی تیاری ہے اس کے لئے گجرات کے علاقے کاٹھیاوار میں ایک بہت ہی مشہور مندر سومنات کو مرکز بنایا گیا ہے۔ سومنات سمندر کے کنارے ایک عظیم الشان مندر تھا، جسے پورے ہندوستان میں ہندوؤں کے درمیان ایک مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ مندر میں موجود شیوا کے بت کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ شیوا بت کو غسل دینے کے لئے تازہ پانی روزانہ کی بنیاد پر دریائے گنگا سے لایا جاتا تھا۔ جنگ کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں کہ سلطان نے پیشگی حملے کی تیاری کردی۔ غزنی سے سومنات تک فاصلہ تقریباً 2600 کلومیٹر بنتا ہے جس میں سے 500 کلومیٹر طویل مشکل ترین صحرائے چولستان اور راجستھان بھی پڑتا تھا۔

اکتوبر 1025ء میں سلطان کی فوج تیس ہزار سپاہیوں کے ساتھ غزنی سے روانہ ہوئی۔ تین مہینوں کی مسافت کے بعد جنوری 1026ء میں سومنات مندر کے قریب پڑاؤ ڈالا۔ ہندوستان کے طول و عرض سے مہاراجے اور راجواڑے اپنی اپنی فوج کے ساتھ مندر کی حفاظت کے لئے موجود تھے۔ جنگ کا آغاز ہوا اور ایک سخت مقابلے کے بعد سلطان محمود فتح یاب ہوا۔ مندر کو توڑ ڈالا گیا۔ یہی وہ مشہور جنگ ہے جس کی بنا پر بعض مورخین نے سلطان محمود کی ذات کو ایک لٹیرا مشہور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سومنات کے بعد سلطان محمود کی ہندوستان پر آخری لڑائی 1027ء میں ہوئی جو کہ دریائے سندھ سے دریائے بیاس کے درمیانی علاقوں میں پھیلے ہوئے تھے۔

 محمود غزنی کے سترہ حملوں نے ہندوستان کی سیاسی صورتحال کو یکسر بدل دیا۔ اس نے مزید فتوحات کے لئے ترکوں اورافغانوں کے لئے راہ ہموار کی اور کسی بھی وقت گنگاکی وادی میں گہری دراندازی کی۔ انہوں نے اپنے بار بار چھاپوں کے ذریعہ ہندوستان کے بے پناہ وسائل کو نکاس کیا جس نے ہندوستان کے سیاسی مستقبل کو بری طرح متاثر کیا۔ غزنی کی بادشاہت میں پنجاب اور افغانستان کو شامل کرنے سے ہندوستانی سرحدے کمزور پڑگئ اور شمال سے فتح کرنے کے لئے ہندوستان کے دروازے کھول دیئے گئے

 


Post a Comment

0 Comments